معروف صحافی، شاعر، ادیب اور ساہتیہ اکادمی ایوارڈ یافتہ غلام نبی خیال انتقال کرگئے۔

روزنامہ الحاق، شہربین ، کے این ایس، مختلف صحافی انجمنوں،سول سوسائٹی اور دیگر سرکردہ شخصیات کا اظہار غم ۔۔۔۔

الحاق خبر۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔وادی کشمیر کے سرکردہ صحافی ،شاعر، معروف ادیب اور ساہتیہ اکادمی ایوارڈ یافتہ غلام نبی خیال اتوار کے روز علی الصبح سنت نگر سرینگر میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کرگئے اور ان کے انتقال پر مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ شخصیات نے زبردست دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔غلام نبی خیال ہفت روزہ اخبار وائس آف کشمیر کے چیف ایڈیٹر تھے اور قریبی رشتہ داروں کے مطابق کہ انکی طبیعت گزشتہ کئی مہینوں سے ناساز تھی اور بالآخر آج صبح انہوں نے آخری سانسیں لی اور اس دنیا سے کوچ کرگئے ۔مرحوم کشمیری، اردو اور انگریزی میں لکھی گئی 30 کتابوں کے مصنف تھے۔دریں اثناء روزنامہ "الحاق "کے مدیر اعلی اور مقبول عام پرگرام "شہربین” کے نامہ نگار فیاض وانی ،”شہربین "کے مدیر اعلی مقصود احمد ، ایڈیٹر "کے این ایس” محمد اسلم بھٹ، جموں کشمیر پریس ایسوسی ایشن کے صدر غلام حسن کلو ،شہربین کے ایڈیٹر محمد حسین ظفر ،اشفاق لون اور دیگر صحافیوں اور نامور شخصیات نے معروف صحافی غلام نبی خیال کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے صحافیوں اور ادیبی حلقوں کے لئے ایک بڑا نقصان قرار دیا اور کہا کہ مرحوم کے چلے جانے سے جو خلا پیدا ہوا اس سے پر کرنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم غلام نبی خیال نے مقامی سطح پر صحافی برادری کو ہر وقت رہنمائی کی اور انکے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا تاہم اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ مرحوم اس خطے کےلئے ایک قابل اعتماد آواز تھی اور ان کے انتقال سے صحافی برادری میں صدمے کی لہر دوڑ گئی ہے۔متعدد صحافیوں اور دیگر شخصیات نے غم کی اس گھڑی میں مرحوم کی روح کے لئے ابدی سکون ،لواحقین کے لئے صبر جمیل اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی ۔ اس دوران متعدد سیاسی، مذہبی اور سول سوسائٹی سے وابستہ شخصیات نے نامور ادیب اور صحافی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.